ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کرناٹک میں کورونا کے اب تک کے سب سے زیادہ معاملات؛ ایک ہی دن سامنے آئے 515 معاملات؛ صرف اُڈپی میں ہی 204 کورونا پوزیٹو

کرناٹک میں کورونا کے اب تک کے سب سے زیادہ معاملات؛ ایک ہی دن سامنے آئے 515 معاملات؛ صرف اُڈپی میں ہی 204 کورونا پوزیٹو

Fri, 05 Jun 2020 20:05:10    S.O. News Service

بھٹکل 5/ جون (ایس او نیوز)  ملک بھر میں لاک ڈاون میں  ڈھیل دی جارہی ہے اور پورے ملک میں لاک ڈاون کے بعد اب  اگلے چند دنوں میں  حالات نارمل ہونے کے امکانات  نظر آرہے ہیں مگر دن گذرنے کے ساتھ ہی کرناٹک میں کورونا کے معاملات میں کمی آنے کے بجائے  اُس میں مزید اضافہ ہی دیکھا جارہا ہے۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ آج جمعہ کو سرکاری ہیلتھ بلٹین  موصول ہونے کے بعد  کرناٹک نے آج  اپنا اگلا پچھلا تمام ریکارڈ توڑدیا ہے۔اور ایک ہی دن 515 معاملات  درج کراتے ہوئے  ریاست کے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے۔ آج کے تازہ معاملات کے ساتھ ہی کرناٹک میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 4835 کو پہنچ گئی ہے ۔

آج جمعہ کو جو معاملات کورونا کے سامنے آئے ہیں اُن میں  93 فیصد معاملات دیگر ریاستوں سے بالخصوص مہاراشٹر سے آئے ہوئے لوگوں میں پائے گئے ہیں۔بھٹکل کے پڑوس میں واقع  ضلع   اُڈپی سے پھر  ایک بار سب سے زیادہ کورونا پوزیٹو کے معاملات نکلے ہیں، یہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کہ   آج   سامنے آنے والے 204 معاملات  نے   نہ صرف اُڈپی بلکہ پاس پڑوس کے اضلاع کے عوام میں بھی خوف و ہراس کی لہر دوڑا دی ہے۔ آج کے کورونا معاملات  کے ساتھ ہی اُڈپی میں کورونا سے متاثرہ لوگوں کی تعداد بڑھ کر  768 کو پہنچ گئی ہے  جس میں سے  اب تک  82 لوگ صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوچکے ہیں، یہاں ایک کی موت ہوئی تھی،  اس طرح ایکٹو کیسس کی تعداد یہاں  685 ہے۔ 

اُڈپی سے ملی اطلاع کے مطابق آج کورونا کے جو 204 معاملات سامنے آئے ہیں  ان میں 157 مرد، 40 خواتین اور سات بچے شامل ہیں۔204  میں سے 203  لوگ مہاراشٹرا سے لوٹ کر آئے ہیں، جبکہ ایک پولس اہلکار کی رپورٹ پوزیٹو آئی ہے جو  کسی چیک پوسٹ پر تعینات تھا۔ 

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اُڈپی میں اب تک 12،528 لوگوں کے نمونے جانچ کے لئے لئے گئے تھے، جس میں سے آج جمعہ کو لئے گئے 8 نمونے بھی شامل ہیں، ان میں سے اب تک 10,992 نمونوں کی رپورٹ نیگیٹو آچکی ہے،  769 کی رپورٹ آنی باقی ہے۔

کورونا معاملات میں کرناٹک میں دوسرے نمبر پر کلبرگی ہے جہاں آج جمعہ کو 42 نئے پوزیٹو کیسس سامنے آنے کے بعد تعداد بڑھ کر 552 ہوگئی ہے۔ آج جمعہ کو یادگیر میں بھی بہت بڑی تعداد میں کورونا کے معاملات سامنے آئے ہیں، یہاں آج 74 کی رپورٹ پوزیٹو پائی گئی ہے جبکہ بیجاپور میں 53، بیدر میں 39 اور بیلگام میں 36 کورونا پوزیٹو کی تصدیق ہوئی ہے۔

ویسے تو کرناٹک میں کورونا کے معاملات میں روز بروز اضافہ دیکھا جارہا ہے، مگر جس طرح  ہر روز لوگوں کو کورونا پوزیٹو آنے پر اسپتالوں میں داخل کیا جارہا ہے، اُسی طرح ہر روز الگ الگ اضلاع سے لوگ صحت مند ہوکر اسپتالوں سے ڈسچارج بھی ہورہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ  بعض گنے چنے لوگوں کو چھوڑ کر اکثر لوگوں میں کورونا کی علامات نہیں دیکھی گئی ہیں۔ ہیلتھ بلٹین  کے مطابق ریاست میں 13 لوگوں کو آئی سی یو میں اور ایک کو  وینٹی لیٹر کے سہارے پر اسپتال میں رکھا گیا ہے۔ 


Share: